سورۃ التکاثر : ترتیبی نمبر 102 نزولی نمبر 16
مکی سورت: سورہ تکاثر مکی ہے۔
آیات :اس میں ۸ آیات ہیں۔
وجہ تسمیہ:
آیت نمبر ا میں ہے: الھکم التکاثر
(لوگو! تم کو ( مال کی ) بہت سی طلب نے غافل کر دیا )۔ تکاثر بمعنی کثرت۔ پس اسی کثرت کی وجہ سے اس سورت کو سورۂ تکاثر کہتے ہیں۔
اس سورت میں ان لوگوں کی مذمت کی گئی ہے۔ جو صرف دنیا کی زندگی کو اپنا مقصد بنا لیتے ہیں اور دنیا کا ایندھن جمع کرنے میں لگے رہتے ہیں۔ ان کے انہماک کو دیکھ کر یوں لگتا ہے کہ انہیں دنیا میں ہمیشہ رہنا ہے لیکن پھر اچانک موت آجاتی ہے جس کی وجہ سے ان کے منصوبے دھرے کے دھرے رہ جاتے ہیں اور انہیں قصر (محل) سے قبر کی طرف منتقل ہونا پڑتا ہے۔ ان لوگوں کو ڈرایا گیا کہ قیامت کے دن تمام اعمال کے بارے میں سوال ہوگا۔
نعمتوں کے بارے میں سوال:
پھر تم جہنم کو ضرور دیکھو گے اور تم سے اللہ کی نعمتوں کے بارے میں سوال کیا جائے گا کہ:
امن، صحت، فراغت اكل وشرب مسکن، علم اور مال و دولت جیسی نعمتوں کو کہاں استعمال کیا ؟